مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلو امہ میں بھارتی فوج نےایک اور شہری کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت بلال احمد گنائی کے طورپر ہوئی ہے اور وہ پیشے سے ایک ڈرائیور تھا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بلال احمد گزشتہ رات ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میں بھارتی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے شدید زخمی ہواتھا اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ اس سے پہلے علاقے میں بھارتی فوج کی 50راشٹریہ رائفلز کے کیمپ پر ایک حملہ ہوا تھاجس میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیاتھا۔
دریں اثنا پلوامہ کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں لوگوں نے اس وقت احتجاجی مظاہرہ کیا جب پولیس نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے شہری بلال احمد گنائی کی میت ان کے حوالے کرنے سے انکارکردیا۔
قابض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کے احکام جاری کیے ہیں اور جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل کردی ہیں۔