کراچی میں سمندری ہوائیں چلنے لگیں، درجہ حرارت کم ہوناشروع

کراچی: شہر قائد میں آج سال کا گرم ترین دن رہا۔ درجہ حرارت 45 ڈگری تک جاپہنچا۔ سہ پہر 3 بجے کے بعد سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوئیںجس کے بعد سے درجہ حرارت کم ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت کئی شہروں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سہ پہر 3 بجے کے بعد سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں جس کے بعد درجہ حرارت کم ہونے لگا ہے جبکہ ہوا میں نمی تناسب 10 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جمعرات تک رہنے کا امکان ہے، تاہم جمعہ سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہوجانے سے ہفتہ اور اتوار کو موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی ہے جس میں سب سے زیادہ گرمی لاڑکانہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ 47 ڈگری تک جا پہنچا۔
وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے بھی اگلے دس دن کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔واضح رہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر بیربل کے مطابق شہر کے 13 بڑے اسپتالوں میں ہیٹ ویو وارڈز قائم کردیئے گئے ہیں، جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔کراچی میں شدید گرمی کی وجہ سے ماہرین نے کہا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے۔