حکومت نے پہلے دن سے ہی آزادی صحافت کا فیصلہ کیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم نے اے پی این ایس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی آزادی صحافت کا فیصلہ کیا۔ منفی خبریں چھپتی ہیں تو ان کا اثر بھی ہوتا ہے۔ کوشش رہی ہے کہ صحافت پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالا جائے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جدید دنیا میں سنسر شپ نہیں چل سکتی، سوشل میڈیا کے دور میں سنسر شپ بے سود کام ہے،سنسر شپ سے وقتی فوائد ہوسکتے ہیں لیکن ملکی مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواہش رہتی ہے کہ مثبت خبریں سامنے آئیں، تنقید ضرور کریں لیکن اچھے کام کی پزیرائی بھی کریں۔ صحافی بتائیں کہ ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے یا نہیں؟
وزیراعظم نے کہا کہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ ملک کے لئے اہم ہے۔ طے کیا تھا کہ صحافیوں کے لئے کوئی سکریٹ فنڈ نہیں رکھا جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صاف اور شفاف میڈیا حکومت اور ملک کے لئے ضروری ہے، 2013ء میں جو پاکستان لیاآج اسے ہر لحاظ سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جارہے ہیں۔