عیدالفطرپرایس ایم ایس کے ذریعے نئے نوٹ کس طرح حاصل کئے جائیں؟ اسٹیٹ بینک نے طریقہ کارجاری کردیا ہے ۔
اسٹیٹ بینک نے عیدالفطر کے موقع پرایس ایم ایس سروس کے ذریعے نوٹ جاری کرنے والے بینکوں کی فہرست بھی جاری کردی ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک بھر کے 1535 بینک نئے نوٹ جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔
پنجاب کے 792، سندھ کے 402، خیبرپختوانخوا کے 226، بلوچستان کے 66 بینک نئے نوٹ جاری کریں گے جبکہ اسلام آباد کے 36 اور آزاد جموں و کشمیر کے 13 بینک نئے نوٹ جاری کرنے کے مجاز ہیں۔
عید الفطر کے موقع پریکم جون سے 14 جون تک نئے نوٹ جاری کئے جائیں گے اوربذریعہ ایس ایم ایس نوٹ حاصل کرنے والے صارفین اپنا شناختی کارڈ نمبراوراپنی منتخب کردہ برانچ کا کوڈ نمبر8877 پر میسج کریں۔ پرانچ کوڈ اس لنک سے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔
میسج کرنے کے بعد صارف کو ایک ٹرانزیکشن نمبر موصول ہوگا جس میں دی گئی تاریخ پر متعلقہ بینک برانچ میں اپنے اصل شناختی کارڈ بمعہ فوٹو اسٹیٹ کاپی پیش کرکے نئے نوٹ حاصل کئے جاسکیں گے۔
ایس ایم ایس سروس کے تحت ہر صارف کو مساوی مالیت کے متبادل 10 روپے کے تین پیکٹ ، 50 اور100 روپے کے نوٹ کا ایک پیکٹ فراہم کیا جائے گا۔
ایک شناختی کارڈ نمبر پر صرف ایک مرتبہ ہی نوٹ جاری کیے جائیں گے اور ایک سے زیادہ ایس ایم ایس کرنے پر مزید ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں ہوگا۔
ایک موبائل نمبر سے ایک شناختی کارڈ نمبر ہی ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے، دوسرے شناختی کارڈ کے لیے دوسرے موبائل نمبرکا استعمال کرنا ہوگا بصورت دیگر اسٹیٹ بینک کے خود کار نظام کے تحت ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں ہوگا۔
میسج میں دی گئی تاریخ پر نئے نوٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں ٹرانزیکشن کوڈ ناقابل استعمال ہوگا۔