اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں 116 معدنی ذخائر دریافت ہوئے۔ 445 تیل کے نئے کنویں کھودے گئے۔ کنوؤں کی کھدائی میں کامیابی کی شرح 50 فیصد رہی جبکہ 5 سالوں میں 20 لاکھ گیس صارفین کا اضافہ کیا گیا۔ ایل پی جی کی ملکی پیداوار میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیوز کانفرنس کی جس میں آئل اور گیس کے شعبے کی کارکردگی سے متعلق وزیر اعظم نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 116 معدنی ذخائر دریافت ہوئے۔ پاکستان میں جتنی گیس استعمال ہوئی اتنے ہی ذخائر دریافت کئے۔ 445 تیل کے نئے کنویں کھودے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 5 سالوں میں 20 لاکھ گیس صارفین کا اضافہ کیا گیا۔ 2013 میں 70 لاکھ تھے جبکہ 2018 میں 90 لاکھ صارفین ہیں۔ گیس کی ڈیمانڈ 8 ملین مکعب روزانہ ہے، تاپی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، 2020 میں مکمل ہوگا۔ مکوڑی اور گمبٹ میں گیس پلانٹ فعال ہیں۔ کنوؤں کی کھدائی میں کامیابی کی شرح 50 فیصد رہی جبکہ ایل پی جی کی ملکی پیداوار میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک بھی گیس کنکشن سفارش پر نہیں دیا گیا۔ کوئی بھی مجھ پر الزام لگائے میں جواب دینے کے لئے تیار ہوں، الزام لگانے والا ہرجانے کے لئے تیار رہے، نہیں دینا چاہتا تو الگ بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیس سے سستا ایندھن آج بھی کوئی نہیں۔ کھاد کے کارخانوں کو گیس میسر نہ تھی، آج فراہم کی جارہی ہے۔
Tags وزیراعظم