اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کی وجہ سے انتخابات تاخیرکا شکار نہیں ہوں گے اورعام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں پرعدالتی فیصلوں کے آئینی و قانونی پہلووٴں کا جائزہ لیا ہے اوراس نتیجے پر پہنچا ہے کہ عدالت حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو کالعدم قرارنہیں دے سکتی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندرالیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے، حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلوں کی وجہ سےعام انتخابات تاخیر کا شکارنہیں ہوں گے،عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے،الیکشن کمیشن چند روز تک عام انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لوئر دیر کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو سن کر دوبارہ حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔