کراچی میں پانی کی کمی پر فساد ہونے کا خطرہ ہے، فاروق ستار

کراچی: ایم کیو ایم پاکستا ن کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی پر فساد ہونے کا خطرہ ہے۔ پانی کے مسئلے سے متعلق وفاقی اور صوبائی حکومت نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، کے فور پر تیزی سے کام ہونا چاہیے لیکن 2020 تک بھی کے فور سے پانی ملنا مشکل لگ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں اور بہادر آباد والوں کی مشترکہ کوششوں سے ہمیں پتنگ کا نشان الاٹ کیا۔ ایم کیو ایم کے ووٹ بینک اور ووٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
فاروق ستار نے کہا کہ صوبے ایک دوسرے کے ساتھ امتیاز کریں گے تو پھر تقسیم کی بات ہوگی، اگر بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں ملیں گے تو لوگ نئے صوبے بنانے کی بات کریں گے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کی کمی پر فساد ہونے کا خطرہ ہے، آنے والے وقتوں میں پانی کا مسئلہ بڑا ہوگا، پانی کے مسئلے سے متعلق وفاقی اور صوبائی حکومت نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔ کے فور پر تیزی سے کام ہونا چاہیے لیکن 2020 تک بھی کے فور سے پانی ملنا مشکل لگ رہا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہیٹ ویو میں واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک جیسے محکموں کا اہم کردار ہونا چاہئے، بلدیہ عظمی نے کیمپ لگائے ہیں لیکن ان کی تعداد مناسب نہیں ہے۔