پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کےلئے ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کا اعلان کردیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی قائدین نے شرکت کی جب کہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، چوہدری سرور اور اعجاز چوہدری بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے کو خصوصی طور پر ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے ناصر کھوسہ کےنام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نامزد ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی تصدیق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے بھی کی گئی ہے اور ان کا کہنا ہےکہ مشاورت کے بعد اب نیا نام دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہبازشریف اور میاں محمود الرشید کے درمیان صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کےلئےملاقات ہوئی تھی جس میں اپوزیشن لیڈر نے سابق چیف سیکریٹری ناصر کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر نام پر اتفاق کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں نگراں وزیراعلیٰ کےلئے ناصر خان کھوسہ کے نام کا اعلان کیا تھا ۔