کوئٹہ:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قوم کی قربانیوں سے ہم امن اور استحکام کے راستے پر آگئے ہیں تاہم کام ابھی مکمل نہیں ہوا، حاصل کی گئی کامیابیوں سے ہمیں دیرپا امن حاصل کرنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے آپریشنز میں نوجوان افسروں کی کارکردگی اوران کی خدمات کو سراہا۔
اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران آرمی چیف نے سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل قمر باجوہ کو بلوچستان سے متصل افغان سرحد پرباڑ لگانے، کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ اور خوشحال بلوچستان پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے معاشی، اقتصادی و سیکیورٹی اقدامات کی پیش رفت پراطمینان کا اظہارکیا۔