کراچی: متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت کا کلفٹن میں واقع بیت رضوان میں سحر ی سے پہلے اہم اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ مجلس عمل 8جون کو کراچی میں جلسہ کرے گی۔
اجلاس میں مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، شاہ اویس نورانی، مفتی غوث صابری اور علامہ واحد عابدی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا سے برابری کی بنیاد پر معاملات طے کرنا چاہتے ہیں، انتخابی حلقہ بندیوں کے لئے الیکشن کمیشن کا ادارہ موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس عمل سے باہر موجود مذہبی اداروں ،علماء اور مشائخ کو بھی اپنے مقصد میں شامل ہونے کی استدعا کی ہے، 5 جون کو اسلام آباد میں جلسے کا انعقاد کر رہے ہیں اور اس میں متحدہ مجلس عمل کے منشور کا اعلان کریں گے۔
Tags متحدہ مجلس عمل