وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے الوداعی خطاب،اپوزیشن کی تعریف

اسلام آباد: وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے پانچ سالہ دور میں اپوزیشن لیڈر نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کی بات کی اوران کا کردار قابلِ تعریف ہے۔

قومی اسمبلی میں اپنا الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقاریر کے دوران اپوزیشن لیڈر نے سختی بھی دکھائی لیکن انہوں نے ہمیشہ جمہوری الفاظ کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے 5 سالہ دور میں جمہوریت کو خطرات بھی لاحق ہوئے لیکن اپوزیشن کے مثبت کردار کی وجہ سے جمہوریت برقرار رہی اور ان خطرات کا سامنا کیا گیا۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہا تھا کہ کراچی کے حالات انتہائی کشیدہ تھے تاہم وہاں موجود تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا اور وہاں حالات بہتر کئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب کراچی میں صرف ویسے ہی مسائل موجود ہیں جو دنیا کے کسی بھی بڑے شہر میں ہوتے ہیں۔