تحریک انصاف نےنگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے دو نام پیش کردیئے

تحریک انصاف نےنگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے دو نام پیش کردیئے

لاہور: تحریک انصاف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ڈاکٹر حسن عسکری اور ناصر درانی کا نام پیش کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کےلئے نئے ناموں پر غور کے لئے کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین، چوہدری سرور، شفقت محمود، فواد چوہدری، علیم خان اور میاں محمود الرشید شامل تھے۔
اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد دو نام پیش کردیئے گئے ہیں جن میں ڈاکٹر حسن عسکری اور ناصر درانی کا نام ہے۔ ناصر درانی آئی جی خیبرپختونخوا رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کےلئے سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ کےنام پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم تحریک انصاف کی جانب سے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا جس پر حکومت اور اپوزیشن میں تنازع کھڑا ہوگیا ۔
دوسری جانب سابق بیورو کریٹ ناصر محمود کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر محمود کھوسہ نے کہا کہ ان کی نامزدگی واپس لےکر انہیں میڈیا میں متنازع بنا دیا گیا۔سابق چیف سیکریٹری نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا اگر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب کے لئے ان کا نام تجویز کرنے سے پہلے مشاورت کرلئے جاتے تو بہتر ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے نگراں وزیراعلیٰ کو سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل ہونا چاہئے، حالیہ پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں وہ نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناصر کھوسہ کے نام پر ڈٹ گئی ہےوزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناصر کھوسہ کا نام حتمی مشاورت کے بعد بھیجا گیا اور یہ نام تحریک انصاف نے ہی دیا تھا جبکہ ناصر محمود کھوسہ کا نام بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ناصر کھوسہ کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے کا آئینی تقاضہ پورا ہوگیا ہے۔ لہٰذاان کا نام کسی صورت واپس نہیں لیا جاسکتا۔