عام انتخابات کا شیڈول،2سے 6جون تک کاغذات نامزدگی جمع ہونگے

اسلام آباد:الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2018کا شیڈول جاری کردیاگیاہے،جاری کردہ شیڈول کے مطابق الیکشن 25 جولائی کو ہوں گے۔
جبکہ 2 سے 6جون تک کاغذات نامزدگی جمع ہونگے، 14 جون تک سکروٹنی اور 29 جون کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف 19 جون تک اپیلیں دائر ہو سکیں گی۔
ٹربیونل ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کو 26 جون تک نمٹائیں گے۔سیکریٹری الیکشن کا کہناتھاکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو شائع کی جائے گی۔ 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
عام انتخابات کیلئے 21 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گےاور بیلٹ پیپرز کیلئے برطانیہ اور فرانس سے سیکیورٹی پیپر درآمد کرکیے جائیں گے،جس کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو گی۔