پشاور:خیبر پختون میں نگراں وزیر اعلیٰ کے معاملے پر مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا گیا،نجی ٹی وی کے مطابق مذاکرات میں خیبر پختون حکومت نگران وزیراعلیٰ کے لئے اعجاز احمد قریشی اور حمایت اللہ کے نام پر اصرار کرتی رہی جبکہ اپوزیشن لیڈر منظور آفریدی اور جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کے نام پر ڈٹے رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختون میں نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ آج نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی پر اتفاق ہوجائے گا تاہم ایسا نہیں ہو سکا کیوں کہ صوبائی حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے ناموں پر ڈٹے رہے،صوبائی حکومت کی جانب سے اعجاز قریشی اور حمایت اللہ افغان کے ناموں پر اصرار کیا گیا ان دونوں کا تعلق جے یو آئی سے ہے،مذاکراتی عمل میں مولانا لطف الرحمان بھی شامل تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے منظور آفریدی اور جسٹس دوست محمد کے ناموں پر اصرار کیا گیا،تاہم کوئی متفقہ فیصلہ نہ ہونے کے باعث معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا گیا، اب قانونی طریقہ کار کے تحت حکومت اور اپوزیشن 3 ،3 نام پیش کریں گےاور 3 دن میں کسی ایک نام پر فیصلہ کیا جائے گا، اگر یہاں بھی کو ئی فیصلہ نہ ہو سکا تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔