اسلام آباد: جسٹس (ر) ناصر الملک نےنگراں وزیراعظم کے عہدےکا حلف اٹھالیا ہے ، صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ جس میں صدر ممنون حسین نےجسٹس (ر) ناصر الملک سےنگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق کابینہ و قومی اسمبلی ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت ہوئے۔
نگراں وزیراعظم نے تقریب حلف برداری کے بعد ایوان صدر میں موجود تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت سابق اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات سےبھی ملاقاتیں کی۔
تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا کہ جو ذمہ داری سونپی گئی احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نےکہا کہ کابینہ مختصر رکھوں گا، صلاح مشورے کے بعد کابینہ کا اعلان کیاجائے گا۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ قوم کی آخری امید ہیں،کیا انتخابات بروقت اور شفاف ہوں گے؟ اس پر نگراں وزیراعظم نےجواباً کہا کہ میرے الفاظ یاد رکھیں کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، جس کام کے لیے آئے ہیں اپنی وہ ذمہ داری پوری کریں گے، انتخابات بروقت اور شفاف ہوں گے۔
جسٹس (ر) ناصر الملک کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کی مدد کی جائےگی تاکہ بروقت شفاف انتخابات کرائےجاسکیں۔
بعد ازاں نگراں وزیراعظم ناصر الملک وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کےبعد وزیراعظم ہاؤس کے عملے نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔سابق چیف جسٹس ناصرالملک وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کےبعد اپنی کابینہ کی تشکیل کا کام مکمل کریں گے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہاؤس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں سے گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس سے روانگی پر اپنے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرکے گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد نگراں حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔
Tags نگراں وزیراعظم