پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم ہونے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں ہوگا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جب خواجہ آصف کو نااہل کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ عثمان ڈار مجھے سیالکوٹ میں شکست نہیں دے سکا تو اس نے عدالتوں کا سہارا لیا۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں ہوگا۔
عثمان ڈار کے وکیل فیصل چودھری نے اس موقع پر کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے پر تمام نکات کا جائزہ لینے کے بعد نظر ثانی اپیل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ان کی تاحیات نااہلی ختم کردی ہے۔