ملک بھر میں عام انتخابات 25جولائی سے ہوں گے اس حوالے سے ملک بھر کے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی آج سے وصول کر سکتے ہیں جو 2 سے 6 جون تک حاصل اور جمع کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی فیس 100 روپے ہے جو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں جب کہ کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ہفتہ اور اتوار کو بھی لیے جاسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کی سیکیورٹی فیس 30 ہزار اور صوبائی اسمبلیوں کے کاغذات نامزدگی کی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے انتخابات میں ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں سیکیورٹی فیس ضبط کرلی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نامزدگی فارم کے ساتھ امیدوار اور تجویز و تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی کاپی دینا لازم ہیں۔
امیدواروں کے انتخابی اخراجات کے لیے کھولے گئے خصوصی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات دینا لازم ہیں جب کہ اثاثوں کی تفصیلات اور قرضہ نادہندگان سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا لازم ہیں۔
یاد رہے کہ آج سے باضابطہ طور پر انتخابات 2018 کے لیے کام شروع ہوگیا، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے عہدے کا حلف اٹھالیا جب کہ گزشتہ رات شاہد خاقان عباسی بھی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔