کراچی: کراچی میں گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے تاہم سندھ اوربلوچستان کے بیشتر علاقوں میں قیامت خیز گرمی جاری ہے اور متعدد مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق تربت، دادو اورموئن جو داڑو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جبکہ شہید بے نظیر آباد اورلاڑکانہ میں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بہاولپورمیں 48، سکھر، نورپورتھل، بھکراورخانپور میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 4 سے5 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اورکشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ اندرون سندھ، جنوبی اور وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز موہنجوداڑو، دادو، جیکب آباد میں درجہ حرارت 51 ڈگری ، تربت، لاڑکانہ اور سکھر میں 50 جبکہ سبی، روہڑی، لسبیلہ اوررحیم یار خان میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔