چکوال: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف پراستعفیٰ دینے کے لئے بہت دباؤ تھا، پہلی بارنوازشریف ڈٹ گیا اور کہا کہ نکالنا ہے تو نکال لو، انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو صرف اقامے پرنکالا گیا ورنہ ان کا کوئی اور جرم نہیں ملا۔
چکوال کے علاقے میانی میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ان برسوں میں دھاندلی کا بہانہ بنا کر وزیراعظم کے خلاف سازش کی گئی اور تمام سازشوں کے باوجود حکومت نے اپنی مدت پوری کی جس کا سہرا نواز شریف کے سر جاتاہے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نےکہاکہ نوازشریف کوغدارکہنے والے اسد درانی کی کتاب پرکیا کہیں گے، کیا اس پر کوئی بیان نہیں آئے گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقامے پر نکالنے والوں کو سکون نہ ملا، تو ظالموں نے فتوے لگا دیے، غداری کا الزام لگایا گیا۔