مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے یو ٹرن اور جھوٹ بول کر ہر سطح پر تباہی اور بربادی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہونے والی ترقی و خوشحالی کے سفر کو خیبرپختونخوا میں لے کر جائیں گے،کے پی کے کی عوام اب نیازی صاحب کے نعروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف نے عوام کو مایوس کیا ہے، ’’بلین ٹریز‘‘ کے نام پر دھوکا دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر فیصلے کئے،الحمداللہ آج پاکستان ایک پرامن ملک بن چکا ہے۔
شہباز شریف کامزید کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کردیا گیا ہے،شدید گرمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باوجود صارفین کو بجلی مل رہی ہے۔