اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے الیکشن میں تاخیر کا اندیشہ ہے، الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد فیصلہ آنے کا کیا مقصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پٹیشن میں موقف اختیار کریں گے کہ الیکشن وقت پر ہوں تاخیر نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد فیصلہ آنے کا کیا مقصد ہے ۔
ایاز صادق نے کہا کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے اور الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کےبعد یہ فیصلہ سامنے آیا ،انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں سے متفقہ طور پر فارم میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پارلیمنٹ کے تیار کردہ کاغذاتِ نامزدگی فارم کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ نئے کاغذات نامزدگی میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضے دوبارہ شامل کئے جائیں۔