راولپنڈی: تحصیل گوجر خان میں 16 سالہ لڑکی مریم کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے سفاک ملزم عدنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو گوجر خان کے علاقے ڈھوک حیات علی میں افطاری سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل 16 سالہ مریم کو اس کے کزن عدنان عرف دانی نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔ ملزم لڑکی کا پھوپھی زاد بھائی ہے جو گھر کے قریب ہی رہائش پذیر تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ مریم کچھ دن قبل عرفان حیدر نامی نوجوان کے ساتھ گھر سے فرار ہوگئی تھی، تاہم 3 روز قبل عرفان حیدر کے گھر والوں نے لڑکی کی کم عمر ہونے کی وجہ سے اسے گھر واپس چھوڑ گئے تھے اور شادی سے انکار کر دیا تھا۔
مقتولہ مریم کے گھر سے فرار ہوجانے پر مقتولہ کے کزن عدنان کو طیش آگیا اور اس نے غیرت میں آکر اپنی ماموں زاد بہن کو اس کے گھر جاکر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا، جس کے بعد لڑکی کو انتہائی تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گجر خان منتقل کیا گیا لیکن مقتولہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے ملزم کو کل 3 جون کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
Tags لڑکی قتل، گرفتار