لاہورمیں ہفتہ کو مسلم لیگ نون کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی 5 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ عام انتخابات سے متعلق امور پربات چیت کی گئی۔
اجلاس کے بعد سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے میں پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرزعمل کا مظاہرہ کیا جبکہ عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جوکر پارٹی ہے اس کا تماشا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، تحریک انصاف کا لیڈر شیروانی کی خواہش تو رکھتا ہے لیکن ایک صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کافیصلہ نہیں کرپارہا اور جو پارٹی ایک نام نہیں بتاسکتی وہ خود کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لیےتیار کہتی ہے تاہم تحریک انصاف کو مشورہ ہے کہ وہ آئین کامطالعہ ضرور کرلے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پرانتخابات میں ن لیگ کی ہی جیت ہوگی ،ن لیگ پورے پاکستان میں اکٹھی کھڑی ہے اور ہرکوشش کے باوجود ن لیگ متحد ہے اور وہی لوگ چھوڑ کرگئے جو کبھی ن لیگ کا حصہ نہیں تھے۔
چودھری نثار سے متعلق سوال پر مریم اورنگزيب نے کہا کہ چودھری نثار سے جونیئر ہوں اوران کے معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گی۔