لاہور:قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کمسن زینب کے قتل کے ملزم عمران کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپیل سماعت کے لیے منظور کی۔
کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ آئندہ ہفتے اپیل پر سماعت کرے گا۔اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے زینب کے والد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ اب آپ کو کسی سیکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ جس سے آپ کو خطرہ تھا وہ جیل میں ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے زیادتی کی شکار کائنات کے علاج اور معاوضے سے متعلق رپورٹ بھی کل طلب کرلی ہے۔
اس حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ کائنات کا علاج پاکستان سمیت پوری دنیا میں ممکن نہیں ہے کیوں کہ کائنات علاج کی اسٹیج سے گزر چکی ہے لہٰذا اس کی دیکھ بھال ہو سکتی ہے علاج ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ قصور میں کمسن زینب کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا اور اس واقعے کے خلاف قصور بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے اور زینب کے والدین نے چیف جسٹس ثاقب نثار نے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی جس پر چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔
پنجاب پولیس نے ڈی این اے کے ذریعے ملزم عمران کو گرفتار کیا تھا۔