رشید گوڈیل نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رشید گوڈیل نے پاکستان تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے بعد عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں، پی ٹی آئی غریبوں کے لیے آواز اٹھانے اور ملکی مسائل کو سمجھنے والی جماعت ہے تاہم الیکشن کے حلقے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو 20،30 سالوں سے نظر انداز کیا جارہا ہے لہذا اب اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ کراچی کو ایک قومی سطح کی جماعت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عبدالرشید گوڈیل پر 18 اگست 2015 کو کراچی میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں اور انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے۔