ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کی گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس میں شمولیت

کراچی : پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما ؤں ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کرلی ، سندھ کے عوام کی فلا ح و بہبود کے لئے ملکر ساتھ چلنے کاعزم ، دیگر چھوٹی پارٹیوں کو بھی جی ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دیدی۔
جی ڈی اے کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی اہلیہ فہمیدہ مرزا نے کہاکہ عام انتخابات کے نتیجے میں ہنگ پارلیمنٹ بنتی نظر آرہی ہے ،جب میں پارلیمنٹ میں تھی تو عوام کے لئے آواز اٹھاتی رہی لیکن جب میں پانچ سال بعد عوام میں گئی تو عوام نے مجھے تمام تر تعاون کا یقین دلایا ۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاکہ لوکل باڈیز اداروں کے ذریعے کرپشن کے دروازے کھول دیے گئے ہیں،21ویں صدی میں بھی بچےتعلیم سے محروم ہیں ،سندھ ایک تھا اور ایک رہے گا۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آئین چند آرٹیکلز پر مشتمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک عوام اور ریاست کے درمیان معاہدہ ہوتا ہے ،عوام کو صاف پانی مہیا کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے ، سندھ میں کسانوں کوپانی یکساں طور پر تقسیم کرنا چاہئے ۔
پانی کی تقسیم درست نہیں ہورہی ،سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے تعلیم ضروری ہے اگر ان کو تعلیم نہ دی گئی تو وہ نشے اور دیگر برائیوں میں مبتلا ءہو جائیں گے ۔سندھ کی اجازت کے بغیر دریائے سندھ پر ڈیم نہیں بننا چاہئے ۔سندھ کو ایک مافیا سے آزاد کرانا ہے۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مزید کہاکہ 15مئی کو بدین میں جلسہ کیا، 15 مئی کا جلسہ ایک ریفرنڈم تھا۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی اہلیہ فہمیدہ مرزا کا پیپلز پارٹی سے متعلق سوال کا جواب دیتےہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی نام کی کوئی چیز اس وقت موجود نہیں۔
اس موقع پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگارا نے کہاکہ ذوالفقار مرزا اور مہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے میں خوش آمدید کہتےہیں، انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فیصلہ کیا ہے کہ جی ڈی اے کے ساتھ چلیں گی، ہم چاہتے ہیں سندھ میں بچوں کو تعلیم صحت اور امن و امان ملےاورجو ہمارا مقصد ہے وہ ہماری بہن فہمیدہ مرزا کا بھی ہے۔پیر پگارا نے کہاکہ ہم نے لوگوں کو جے ڈی اے کا پلیٹ فارم فراہم کر دیا ہے۔