صاف پانی کرپشن کیس، شہباز شریف کی آج پیشی

لاہور: صاف پانی کرپشن کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق صاف پانی کرپشن کیس میں نیب لاہور کی جانب سے 9 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 4 جون (آج) کو طلب کیا تھا۔ نیب نے شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کے تمام افسران کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کا ریکارڈ لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی۔
نیب کے مطابق ملزمان کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا اور ملزمان نے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے۔
واضح رہے کہ صاف پانی اسکینڈل میں سابق صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا اور سابق رکن صوبائی اسمبلی وحید گل بھی نیب میں پیش ہوچکے ہیں۔ جبکہ نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 4 اعلیٰ افسران ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو گرفتار کرچکی ہے۔