اسلام آباد: ملک بھر میں انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی کی وصولی میں سب سے آگے صوبہ سندھ ہے۔
کراچی میں واقع الیکشن کمیشن کے دفتر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے لئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے گئے۔ کاغذات نامزدگی بلاول بھٹو کے وکیل کی جانب سے حاصل کئے گئے۔
ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اویس شاہ نے این اے 244 اور سابق ایم پی اے پنجومل بھیل نے اقلیتی نشست پر فارم حاصل کرلیا جبکہ جماعت اسلامی کے ہارون سرفراز نے این اے 241 جب کہ محمد خان اعوان نے پی ایس 96 کے لئے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرلئے۔ فنکشنل لیگ کے سابق ایم پی اے لکشمن داس، پیپلز پارٹی کے رہنما رمیش کمار اور تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر پہلاج رام نے اقلیتی نشست پر فارم حاصل کئے۔
کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کھیل داس کوہستانی جب کہ رہنما پیپلز پارٹی ثریا جتوئی کے بیٹے نے اپنی والدہ کے لئے خواتین کی مخصوص نشست پر فارم حاصل کیا۔
اس حوالے سے الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کے بعد کاغذات نامزدگی فارم کی وصولی آج سے جاری ہے، سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرست 8 جون تک جمع کراسکتی ہیں۔
صوبے پنجاب میں تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 125 کے لئے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرلیا،
پشاور کے الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ پشاور میں 20 ریٹرننگ افسران فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی کا اجراآج سے شروع کردیا ہے جبکہ 8 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائیں جاسکیں گے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز کاغذات نامزدگی کی تبدیلی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن کے ترمیم شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے۔ سیاسی جماعتیں خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں کے لئے ترجیحی فہرستیں 8جون تک جمع کراسکیں گی، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 8 جون کو ہی آویزاں کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت برقرار رہیں گےجبکہ اسکروٹنی کا پروسس 14 جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر کی جاسکیں گی۔ 27 جون کو امیدواروں کی فہرست دوبارہ جاری کی جائے گی، جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 28 جون کو واپس لے سکیں گے۔ انتخابی نشان کے ساتھ امیدواروں کی فہرست 29جون کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکورٹی فیس 30 ہزار روپے مختص کی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکورٹی فیس 20 ہزار روپے ہے۔ ایک چوتھائی سے کم ووٹ پڑنے کی صورت میں امیدوار کی جانب سے جمع شدہ سیکورٹی فیس ضبط کرلی جائی گی۔
Tags کاغذات نامزدگی