Assortment of fruits and vegetables

بھارتی پھل سبزیوں پر کویتی پابندی سے پاکستانی برآمد دگنی ہوگی

اسلام آباد: کویت کی حکومت کی جانب سے بھارتی پھل اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی سے پاکستان سے کویت پھل اور سبزی کی برآمد دگنی ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ اور جنوبی بھارت میں نیپا وائرس سے 13 افراد کی ہلاکت کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد کویت کی حکومت نے بھارتی سبزیوں اور پھلوں پر پابندی کا عائد کردی۔ مذکورہ وائرس انسان اور جانور دونوں کے لئے خطرے کا باعث ہے۔
ذرائع کے مطابق کویت کی فوڈ سیفٹی کمیٹی نے بھارت سے درآمدی پھل اور سبزی میں نیپا وائرس کی موجودگی کی رپورٹ پر پابندی کی تجویز دی تھی۔
اس ضمن میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر وحید احمد نے کہا ہے کہ کویت حکومت کی بھارتی پھل اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ بھارتی پھل اور سبزیوں پر پابندی سے پاکستان سے کویت پھل اور سبزی کی برآمد دگنی ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے بھی بھارت سے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔