نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6جون کو بلانے پر اتفاق

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 جون (بدھ) کے روز بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کےلیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے جب کہ (ن) لیگ نے ملک احمد خان، رانا ثناءاللہ اور خواجہ عمران نذیر کو کمیٹی میں شامل کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز 2 بجے بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف کی طرف سے ایاز امیر اور حسن عسکری کا نام پیش کیا جائے گا جب کہ (ن) لیگ جسٹس (ر) سائر علی اور سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ کا نام دے گی۔
واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو 6 جون یعنی بدھ کے روز ہی اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے، اگر پارلیمانی کمیٹی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔