اسلام آباد: اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوبے میں نگران وزیراعلیٰ کے لئے 4 نام الیکشن کمیشن کو ارسال کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی مدت ختم ہوئے آج چار روز گزر گئے لیکن خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔ جس کے بعد اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے نگراں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے 4 نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے 4 نام دیئے گئے ہیں۔ جن میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی کے نام شامل ہیں جبکہ اپوزیشن کی طرف سے منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد کا نام دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر متفق نہیں ہو سکی لہٰذا الیکشن کمیشن آئین کے تحت 2 روز میں نگراں وزیراعلیٰ نامزد کرے۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا میں نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پہلے منظور آفریدی کے نام کی منظوری دی گئی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں کی شدید مخالفت پر تحریک انصاف کی قیادت نے بعد میں منظور آفریدی کا نام واپس لے لیا۔