عدلیہ مخالف ریلی کیس۔گواہ کابیان قلمبند ،سماعت 5 جون تک ملتوی

لاہور ہائی کورٹ میں عدلیہ مخالف ریلی اور نعرے بازی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر عدالت نے ملزم ناصر خان اور جمیل کی معافی سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم نامہ طلب کیا۔
کیس کی سماعت کے دوران عبدالرحمٰن نامی شہری گواہ نے عدالت میں پیش ہو کر اپنا بیان قلمبند کروایا، جس کے بعد فریقین کے وکلا نے عبدالرحمٰن کے بیان پر جرح مکمل کی۔
کیس میں پیش کیے گئے گواہ کے مطابق ریلی میں شامل افراد نے عسکری قیادت اور عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 5 جون تک کے لیے ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ ملزمان میں ایم این اے شیخ وسیم، ایم پی اے نعیم صفدر، جمیل خان، ناصر خان، احمد لطیف اور حاجی ایاز شامل ہیں۔