اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے کیونکہ انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا۔
ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے اور ان سے یا سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کی ہے۔
ایک انٹرویومیں ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کے لئے شہبازشریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی اور وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی ۔
ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر پی ٹی آئی انکی کتاب سے کیوں پریشان ہے؟
اپنی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ ان کی کتاب سے الیکشن کو کیا خطرہ لاحق ہے؟ جو تاریخ بہترلگی، اُس وقت کتاب منظرعام پر آجائے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن سے پہلے خواتین کو استعمال کیا جا رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 1988 میں بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کے خلاف حسین حقانی نیٹ ورک کو استعمال کیا اور ان کی جعلی تصاویر بنوا کر ہیلی کاپٹر سے پھینکی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کی بار بھی حسین حقانی اور ریحام خان کی تصاویر ساری کہانی بتا رہی ہیں کہ ہو کیا رہا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام میں منکوحہ عورت اورمرد ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں اورکسی بھی معاشرے میں طلاق کے بعد اپنے خانگی معاملات پربات کرنا بد تہذیبی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان کو تین سال تک کتاب لکھنےکا خیال کیوں نہیں آیا، الیکشن سے پہلے ہی کتاب لکھنے کا خیال کیوں آیا؟ ظاہرہے وہ الیکشن کے ایجنڈے پر کام کررہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک جو باتیں سامنے آئی ہیں وہ یہ ہیں کہ ریحام خان نے مسلم لیگ، مریم نواز اور شہباز شریف سے احسن اقبال کے ذریعے ملاقاتیں کیں اوران سے پیسے لئے۔
تحریک انصاف کے اپ سیٹ ہونے کے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کے الزامات پر پارٹی بالکل اپ سیٹ ہے کیونکہ وہ 11 ماہ تک عمران خان کے نکاح میں رہی ہیں اوراگرانہیں ہمارے لیڈر کے خلاف استعمال کریں گے تو پارٹی تواپ سیٹ ہو گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی شخص کی طلاق یافتہ بیوی کتاب لکھے گی تو وہ اس میں کیا لکھے گی، ظاہر ہے اس میں وہ اپنے سابق شوہر کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اس ایجنڈے کے اوپر ہماری مخالف پارٹی کے ذریعے استعمال ہو رہی ہیں تو یہ بدقسمتی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ وہ کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں۔
ریحام کی مریم نوازسے ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کرایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ دراصل حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لئے رچایا گیا۔