اسلام آباد: پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام کی کتاب شائع کرانے میں مدد کی تردید کرتےہوئےکہاکہ ریحام خان اور ان کے بیٹے سے لندن کے ڈپارٹمنٹل اسٹور میں ملاقات ہوئی اس موقع پر کتاب کا ذکر تک نہیں ہوا۔
انہوںنے کہاکہ شدید دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ کسی نے اس حوالے سے مجھ سے تصدیق کی ضرورت نہیں سمجھی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں کسی پبلشر کا نمائندہ یا لٹریری ایجنٹ نہیں ہوں، عمران خان کو اگر اپنی سابق اہلیہ سے کوئی مسئلہ ہے تو وہ براہ راست ان سے بات کریں، مجھے بغیر کسی ثبوت کے اس معاملے میں شامل نہ کریں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کےایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے سابق سفیر نے کہا کہ ’افراتفری پھیلانے سے رک جائو فواد،اگر آپ بھی اس اسٹور میں جہاں میں تھاتو ہم ہیلو ضرور کہتے اور اسی طرح ملتے،اور آپ جانتے ہیں میں آج کل پی ایم ایل کےلئے کچھ نہیں کررہا‘۔