اسلام آباد:بھارت کو اپنے قریب کرنے کے لئے پاکستان سے ’ڈومور‘کا مطالبہ کرنے والے امریکا کے لئے بُری خبر ہے کہ اس کی غیر دانشمندانہ پالیسی کے باعث اب روس اور پاکستان کے تعلقات میں غیر معمولی بہتری آنے لگی ہے۔ پاکستان اور روس نے اگلے ہفتے 10ارب ڈالر (تقریباً 10کھرب پاکستانی روپے) کی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔اخبار ایکسپریس ٹریبیون کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے اس گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی تھی جبکہ روس میں تعینات پاکستانی سفارتکار کو ماسکو کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا تھا۔ اگلے ہفتے روسی دارالحکومت میں اس معاہدے کے لئے مفاہتی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں۔روسی توانائی کمپنی گیز پرام اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیارکرے گی جس کے بعد مجموعی اخراجات کی حتمی تفصیل سامنے آئے گی۔ اس منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے روس کی جانب سے پبلک جوائنٹ اسٹاک کمپنی گیز پرام کو ہی منتخب کیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے پاکستانی کمپنی انٹرسٹیٹ گیس سسٹمز (آئی ایس جی ایس) کا انتخاب کیا گیا ہے جو اس سے پہلے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان گیس پائپ لائن ’تاپی‘ پر بھی کام کر رہی ہے۔ اس گیس پائپ لائن پر پاکستان میں کام اگلے سال مارچ میں شروع ہوجائے گا۔