اسلام آباد: ملک بھر میں انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی فارم کی وصولی کا عمل کل سے شروع ہوا تھا جو کہ 8 جون تک جاری رہے گا۔
سربراہ مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے جس میں این اے 239، این اے 251 اور این اے 256 شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ ہر امیدوار کو آرٹیکل 62 اور 63 کا بیان حلفی جمع کرانا ہوگا۔ بیان حلفی میں غیرملکی پاسپورٹ، دہری شہریت، حکومتی یوٹیلیٹی بلوں کے نادہندگی اور زیر سماعت فوجداری مقدمات کی تفصیل دینی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے لئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کئے تھے۔
ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اویس شاہ نے این اے 244 اور سابق ایم پی اے پنجومل بھیل نے اقلیتی نشست پر فارم حاصل کئے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے ہارون سرفراز نے این اے 241 جب کہ محمد خان اعوان نے پی ایس 96 کے لئے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کئے۔
فنکشنل لیگ کے سابق ایم پی اے لکشمن داس، پیپلز پارٹی کے رہنما رمیش کمار اور تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر پہلاج رام نے اقلیتی نشست پر فارم حاصل کئے ۔
کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کھیل داس کوہستانی جب کہ رہنما پیپلز پارٹی ثریا جتوئی کے بیٹے نے اپنی والدہ کے لئے خواتین کی مخصوص نشست پر فارم حاصل کرلئے۔
Tags کاغذات نامزدگی