یوم علی کے موقع پر پولیس کے سخت سیکورٹی انتظامات

کراچی : سندھ پولیس نے یوم اعلی کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے ہیں۔ یوم علی کے مرکزی جلوس کی نگرانی کےلئے پانچ ہزار 5 سو 72 پولیس افسران اور اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کے 20 ایس ایس پیز، ایس پیز اور 47 ڈی ایس پیز، 667 نان گزٹیڈ افسران اور 3 ہزار 802 جوان سکیورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔
اکیس رمضان المبارک یوم علی کے موقع پر 102 خواتین پولیس افسران اور اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے۔ 20 اہلکاروں پر مشتمل 17 پلاٹونز بھی مرکزی جلوس کی نگرانی کریں گے۔
پلاٹونز پائلٹ، سرچ پارٹی، نشترپارک اور بلند عمارتوں پر سکیورٹی سنبھالیں گی۔ 71 موبائلیں، 62 موٹرسائیکلیں اور 7 بکتربند گاڑیاں سیکورٹی کےلئے استعمال کی جائیں گے ان تمام گاڑیوں پر 589 افسران اور اہلکار مامور ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یوم علی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کیٹ کے نام سے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جو 1 سو 78 افسران اور اہلکاروں پر مشتمل ہو ں گی۔
اس موقع پر شہر کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا ہے اور اسپتالوں میں 91 پولیس افسران اور اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
جلوس میں داخلے کے لئے 11 انٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں جس پر 90 خواتین اہلکاروں سمیت 396 اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے ۔