سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ثابت کرچکے ہیں کہ وہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی، ناقص کارکردگی اور اناڑی پن کے مظاہرے 3 دن میں سامنےآگئے، نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے عمران خان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں، عمران ثابت کرچکے کہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، ان کا اناڑی پن انہیں انتخابات میں شکست دینے کے لیے کافی ہے۔
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ریحام خان سے متعلق سوال پر کہا کہ ریحام نے مجھ سے پوچھ کر شادی تو نہیں کی تھی، عمران اور ریحام کے آپس کے معاملات ہیں ہمارا کیا لینا دینا ہے، ہر غیر ضروری بات کا نوٹس لے کر اسے اجاگر کرنے کی ضرورت نہیں، جو بھی مناسب ہوگا کارروائی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تین بڑی سیاسی جماعتیں ہیں،عوام کو چاہیے کہ کراچی، پشاور اور لاہور کا دورہ کریں،صاف پتہ چل جائے گا کہ کس نے کتنی ترقی کی ہے ، پشاور کو کھنڈرات کا شہر بنا دیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ اگلے الیکشن میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ جیتے گی،کوئی اناڑی حکومت ہی ملک کو ترقی کے راستے سے واپس لا سکتی ہے ،سی پیک کی بنیاد پر عمارت کھڑی کرنے کی ضرورت ہے ۔