کوئٹہ: بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام اتفاق نہ ہوسکا اور جس کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو ریفر کردیا گیا ہے جس کے لئے آج اجلاس ہوگا۔
حکومت کی آئینی مدت ختم ہوئے 5 روز گزر گئے تاہم صوبے بلوچستان کے نگراں سیٹ اپ کے وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔
بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے لئے سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور سابق اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان متعدد بار ملاقات ہوئی تاہم دو جانب سے کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔ جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جاچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرنے کے لئے 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں حکومت کی نمائندگی چاکر سرفراز ڈومکی، طاہر محمود اور امان اللہ نوتیزئی شامل کریں گے جبکہ سابق وزرائے اعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور لیاقت آغا کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے شوکت پوپلزئی اور علاؤالدین مری کے نام تجویز کئے ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اسلم بھوتانی اور اشرف جہانگیر قاضی کے نام سامنے آرہے ہیں۔