ریحام خان فوری معافی مانگیں اور کتاب کے مواد کی تردیدکریں ۔پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے ریحام خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری معافی معانگیں اس ایشو کی تردید کردیں بہ صورت دیگر جو کچھ کتاب میں لکھا گیا ہے وہ شدید ترین قانونی کارروائی کا متقاضی ہے، اس پر پرچا نہیں کرمنل کیسز ہونے ہیں، الیکشن کمیشن کو فوری اس کتاب کو بین کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے، طلاق کو تین برس ہوگئے الیکشن سے دو ماہ قبل کتاب کا شوشا چھوڑا گیا، 1996 میں عمران خان کے خلاف سیتا وائٹ اسکینڈل سامنے آیا کیونکہ وہ سیاست میں آرہے تھے جب کہ ماضی میں الیکشن سے پہلے بھٹو مرحوم کی جعلی تصویریں پھیلائی گئیں اور 1987 میں حسین حقانی نے بے نظیر کی جعلی تصاویر بنوائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ امید تھی ریحام اپنی کتاب کے مواد اور جزئیات کی تردید کریں گی لیکن سوال چنا اور جواب گندم کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریحام نے خود کہا یہ کتاب ان کے بیٹے اور بیٹی نے ایڈٹ کی، کوئی خاتون اس کتاب میں لکھی باتیں اپنے جوان بیٹے سے ایڈٹ کرانے کا تصور کیسے کرسکتی ہے، ہم فیملی کی اقدار پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، ان کو پاکستان اور فیملی نظام کی کوئی پرواہ نہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اس ساری اسکیم کے پیچھے رائے ونڈ نظر آرہا ہے، سلمان احمد نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے ریحام کو عمران خان کےخلاف ایک لاکھ پاؤنڈ دیئے، ریحام تین سال سے کوئی کام نہیں کررہی ہیں، طلاق کےبعد ان کا کوئی ذریعہ نہیں ہے، ان کے پاس پیسہ کہاں سے آرہا ہے؟ وہ ایک لگژری زندگی گزار رہی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے اس طرح کی کتاب پری پول ریگنگ کے زمرے میں نہیں آتی؟ اس کتاب پر پابندی لگنی چاہیے، سیاسی حریف کو نیچا دکھانے کے لیے یہ کسی بھی حد تک گرسکتے ہیں، ریحام سے کہتا ہوں آخری اپائنمنٹ کا قرض ادا نہ کریں بلکہ فرض ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سوا سال پہلے رانا ثنااللہ، حنیف عباسی اور عابد شیر علی کے پاس کتاب کا مواد کیسے آیا؟ نظر آرہا ہے یہ نیٹ ورک رائے ونڈ نیٹ ورک ہے جس کو حسین حقانی کے ذریعے آپریٹ کیا گیا، احسن اقبال کی ای میل جس میں انہوں نے ریحام کی مریم نواز سے ملاقات کا بندوبست کیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ ایف آئی اے سائبر ونگ کو اس میں شامل ہونا چاہیے، ای میل کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے کہ یہ مواد کیسے پھیلایاگیا۔
انہوں نےکہا کہ ریحام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اس مواد کی تردید کریں ورنہ یہ مواد شدید ترین قانونی کارروائی کا متقاضی ہے، اس پر پرچے کٹیں گے اور کرمنل کیسز ہوں گے جب کہ الیکشن کمیشن کو نوٹس لے کر کتاب پر پابندی لگانی چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس کا نوٹس لے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ کتاب میں جو بکواس لکھی گئی اس پر ریحام فوری معافی معانگیں، ورنہ ہمارا یہ حق ہے اس پر بھرپور قانونی کارروائی کریں گے۔
بعد ازاں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد قابل احترام نام ہے، ہم اسے قبول کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ حکومت نے اپنے آخری دو ہفتوں میں اہم تقرریاں کیں جس پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوا، اب انہیں دفتر میں جاکر جھنجھوڑنا رہ گیا ہے۔