نوجوانوں میں اعلیٰ تکنیکی مہارت کو فروغ دیا جارہا ہے۔آرمی چیف

نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرزکے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نوجوانوں میں اعلیٰ تکنیکی مہارت کو فروغ دیا جارہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی سی پی آر) کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرزکا افتتاحی اجلاس ہوا، جس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کی۔ اجلاس کی صدارت کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ نیوٹیک وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹی ہے جومعیاری انجینئرزتیارکررہی ہے، نیوٹیک یونیورسٹی مقامی، اوورسیزمارکیٹ اورسی پیک کی ضروریات پورا کرے گی، نیوٹیک جدید ٹیکنالوجی سیکھانے والی ملک کی پہلی قومی ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ یونیورسٹی کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، نوجوانوں میں اعلیٰ تکنیکی مہارت کوفروغ دیا جارہا ہے اوریونیورسٹی اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئرزاورماہرورک فورس تیارکررہی ہے جب کہ ہماری نوجوان نسل اور صنعت ستمبرسے شروع ہونے والے نیوٹیک پروگراموں سے استفادہ کرے گی۔
آرمی چیف نے نیوٹیک کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹیک انتظامیہ میرٹ پرسختی سے عمل کرے اورملک میں ٹیکنالوجی کی تعلیم کے اعلی ترین معیار بنائے۔