نیب نے سرکاری ریکارڈ کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی پالیسی وضع کردی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نےسرکاری ریکارڈ کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی پالیسی وضع کردی۔
نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری دستاویزات کی رازداری اور سیکیورٹی کے لیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین نیب نے تمام انٹیلیجنس سیل کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ریکارڈ کا تحفظ یقینی بنائیں اور اسٹاف پر کڑی نظر رکھیں اور ریکارڈ کسی نجی یا غیر متعلقہ شخص تک نہ پہنچ پائے۔
چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ’ ملاقاتیں کرنے والوں، درخواست گزار اور نیب کے اسٹاف کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ صرف احتساب عدالت میں پیش کرنے کے لیے سرکاری دستاویزات کو ہیڈکوارٹر اور بیوروز سے باہر لے جایا جائے، کیونکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص تک کوئی بھی معلومات کی فراہمی حوصلہ شکنی کا باعث بنے گی۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے حکم دیا گیا کہ تمام آنے اور جانے والی فائلز کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جانے والے دستاویزات کے بارے میں رجسٹر میں درج کیا جائے۔