اسلام آباد: نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے ملک میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا،
نگران وزیراعظم کی زیرصدارت پاور سیکٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ، اجلاس میں نگراں وزیراعظم کوایم ڈی پیپکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور دیگر اعلی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پانی کی کمی اور سخت موسمی حالات کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے،
بریفنگ میںکہاگیاکہ موجودہ بجلی پیداواری صلاحیت 28 ہزار 704میگا واٹ ہے جب کہ گزشتہ مہینے ہائیڈل جنریشن 3 ہزار 90 میگاواٹ رہی ہے۔
نگران وزیر اعظم نے وزارت پانی وبجلی کو لوڈشیڈنگ کم کرنے اور پاور سیکٹر لاسز اور نظام کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔
انھوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے اور وزارت توانائی نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کریں، وفاقی اور صوبائی سطح پر مدد کی ضرورت ہو تو آگاہ کریں۔
نگران وزیر اعظم نے پاورجنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس حوالے سے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا جامع پلان تیار کیا جائے جو آئندہ منتخب حکومت کے لیے مددگار ثابت ہو۔