اسلام آباد:گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر رہائی پانے والے ملزم شاہ حسین کی رہائی کا چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نوٹس لے لیاہے۔
واضح رہے کہ طالبہ خدیجہ صدیقی کو زخمی کرنے کے ملزم شاہ حسین کو گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھاجس کے بعد انہیں رہا کیا گیاتھا۔
خیال رہے کہ خدیجہ حملہ کیس میں ملزم شاہ حسین، ایڈووکیٹ تنویر ہاشمی کے بیٹے ہیں جسے مجسٹریٹ کورٹ نے خدیجہ پر حملہ کرنے پر 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی تھی،شاہ حسین بخاری کی درخواست پر سیشن کورٹ نے مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے دی گئی 7 سال کی سزا کم کر کے 5 سال کر دی تھی۔