لاکھوں مسلمان اعتکاف میں بیٹھ گئے- سیکورٹی کے سخت انتظامات

 

اسلام آباد: پاکستان میں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے ، اس حوالے سے مساجد میں خصوصی انتظامات جبکہ معتکفین اور مساجد کی سکیورٹی کے لئےسخت انتظامات کئے گیے ہیں۔ملک کی بڑی مساجد میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کیے گئے جبکہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحر و افطار کا انتظام کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں اعتکاف کا سب سے بڑا اہتمام دعوہ اکیڈمی اور فیصل مسجد انتظامیہ کی طرف سے کیا گیا ہے، فیصل مسجد انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال معتکفین کی تعداد 700 تھی جبکہ رواں برس معتکفین 750 سے زیادہ ہیں۔
فیصل مسجد میں رجسٹریشن کے بعد معتکف حضرات کو خصوصی کارڈز جاری کیے گئے ہیں، لاہورمیں بادشاہی مسجد اور محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

کراچی میں ہر سال کی طرح اس بار بھی اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرو مندر، بہار شریعت مسجد بہادر آباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاون میں ہو رہے ہیں۔