میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں ۔وکیل۔فائل فوٹو
میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں ۔وکیل۔فائل فوٹو

نقیب اللہ قتل کیس، آئندہ سماعت 9 جون کو ہوگی

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ مؤخر کردیا۔ملزم کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست پر بھی فیصلہ مؤخر کردیا۔ جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 9 جون کو ہوگی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر مرکزی ملزم رائو انوار اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ مؤخر کردیا جبکہ ملزم کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست پر بھی فیصلہ مؤخر کردیا۔
عدالت نے ملزم کےوکلا کو ہدایت کی کہ جیل رولز سے متعلق کتاب پیش کی جائے، کتاب کی عدم موجودگی کے باعث بی کلاس کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جیل رولز کے سیکشن 248 کے تحت ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
ملزم کے وکلا نے کچھ دیر میں جیل رولز پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزم راؤ انوار کو آج بھی بغیر ہتھکڑی کے پیش کیا گیا۔ راؤ انوار نےکورٹ لانے والے پولیس افسروں کی آوازوں پرکوئی توجہ نہ دی اور اپنے وکلا کے ہمراہ کورٹ آفس میں بیٹھے رہے۔