لاہور: پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹیوں میں اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی آئینی مدت ختم ہوئے 6 روز گزر جانے کے باوجود صوبے پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔ جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے۔
پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثنااللہ، خواجہ عمران نذیر اور ملک محمد احمد خان شریک ہوئے جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے میاں محمود الریشد، سبطین خان اور شعیب صدیقی نے شرکت کی۔
اجلاس ن لیگ کی طرف سے ایڈمرل (ر)ذکااللہ، جسٹس (ر) سائر علی کا نام پیش کیا گیا جبکہ تحریک انصاف نے حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام پیش کئے۔
اجلاس میں دونوں جانب سے پیش کردہ ناموں پر غور کیا گیا تاہم اتفاق نہ ہونے کے سبب اجلاس بے نتیجہ ہی ختم ہوگیا۔