ریحام خان نئے الزامات کے ساتھ سامنے آگئیں

 

اسلام آباد: بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سیاسی مرتبے کے حصول کے لیے جنس کو استعمال کرنے کے واقعات پر بھی کتاب میں لکھا ہے، جن میں سے کچھ کا تعلق تحریک انصاف سے بھی ہے۔ریحام خان نے براہ راست پارٹی چیئرمین عمران خان پر الزام تو نہیں لگایا تاہم کہا کہ پارٹی قیادت ایسے معاملات کی ذمے داری سے مبرا نہیں ہوسکتی ،جو ان کی پارٹی میں اور ان کے گھر میں پیش آرہے ہوں۔
انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے 5 سال میں خیبر پختون میں کچھ نہیں کیا، میں اس مرتبہ تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دوں گی۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی دوسروں سے مختلف ہونے کا دعویٰ کرےتو اُس سے زیادہ توقعات ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ حال ہی میں بند کر دیئےگئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے نظریات اب تک غیر واضح ہیں،حالیہ یو ٹرن سےبھی یہ واضح ہے۔بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے لوگوں کو مایوس کیا، وہ امیدوں پر پورا نہیں اترے، عمران خان کبھی لبرل بن جاتے ہیں،کبھی اسلامسٹ،عمران خان کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ کسی بھی طریقے سے ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ جب عمران خان کی اہلیہ تھیں انہوں نے تب ہی کہہ دیا تھا کہ وہ اگلے انتخابات میں عمران خان کو ووٹ نہیں دیں گی۔

ریحام خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریحام خان نےسیاست میں حصہ لینے والی تمام خواتین کی توہین کی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کا سیاست میں حصہ لینا ویسے ہی مشکل کام ہے ،ریحام خان جیسے لوگ جب سیاسی خواتین سے متعلق اس طرح کی باتیں کرتی ہیں تو پاکستان کی سیاست میں خواتین حصہ لینا مزید کم کردیتی ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ وہی طرز عمل ہے جو مسلم لیگ ن تحریک انصاف کے خلاف جلسوں کے ذریعے کررہی تھی،ریحام خان کا بیانیہ وہی ہے جو ن لیگ نے تحریک انصاف کے خلاف اختیا ر کر رکھا ہے،یہ اسی پروپیگنڈے کا حصہ ہے جس میں کہا جاتا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین آتی ہیں اور وہاں ناچ اور گانا ہوتا ہے،ریحام خان اس سے مختلف بات نہیں کررہی ہے،ریحام خان کے بیانیے میں ن لیگ کا بیانیہ ہے،اس کے پیچھے ن لیگ کا میڈیا سیل ملوث ہے۔