انتخابات کی مانیٹرنگ -یورپی یونین کےمبصرین پاکستان آئیں گے

 

برسلز: یورپی یونین نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے انتخابی مبصرین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق یورپی یونین نے مبصرین کی تعیناتی کے لیے الیکشن کمیشن اور دفتر خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔
ابتدائی طور پر یورپی یونین کی طرف سے 60 انتخابی مبصرین تعینات کیے جائیں گے، ذرائع نے بتایا ہے کہ دو دو مبصرین پر مشتمل 30 ٹیمیں ملک بھر میں انتخابی عمل کا جائزہ لیں گی، دو رکنی ٹیمیں پانچ ہفتے کے لیے پاکستان میں تعینات کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق انتخابات سے پہلے 60 مزید مبصرین پاکستان آئیں گے، دوسرے مرحلے کے مبصرین میں یورپی پارلیمنٹ کے ممبران بھی شامل ہوں گے۔

2013 کے انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے برطانیہ، آسٹریلیا، ترکی، موریشس، ملائیشیا، مالدیپ اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک نے اپنے مبصرین پاکستان بھیجے تھے جبکہ یورپی یونین کے 110 مبصرین بھی پاکستان آئے تھے اور انہوں نے انتخابات کے حوالے سے اپنی الگ الگ رپورٹس مرتب کی تھیں۔
2013 میں یورپی یونین کے مبصرین نے فاٹا اور بلوچستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا تا ہم دفتر خارجہ نے اس فیصلے کو مبصرین کا ذاتی فیصلہ قرار دیا تھا۔الیکشن کمیشن سے خصوصی اجازت نامے اور اندراج کے بعد ان مبصرین کو وزارت داخلہ نے ملک میں سفر کے بارے میں ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔