معیشت سےمتعلق حقائق جلدقوم کے سامنے رکھیں گے-نگراں وزیراطلاعات

 

اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ نگراں حکومت ایک آئینی حکومت ہے اور خاص مدت کے لئے بنائی گئی ہے،ہم طویل مدتی پالیسی معاملات کو نہیں دیکھ سکتے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کیاہے کہ ہمیں صاف و شفاف اور بروقت الیکشن کے کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے،اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کرنی ہے،موجودہ فارم اپنی جگہ رہے گا لیکن اضافی حلف نامہ آجائے گا،حلقہ بندیاں ضروری ہیں ، اگر غلطی ہوگئی تو ووٹر کا حق مارا جائےگا،حلقہ بندیوں کے معاملے پر انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق فراہم کئے جائیں گے،سرکاری ٹی وی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا موقف دینے کایکساں موقع دے،آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت آزادی اظہار کاحق حاصل ہے،لیکن ملکی سالمیت ،فوج اور عدلیہ کےخلاف بات نہیں کی جاسکتی،انہوں نے کہا کہ قوم کی عزت 2 باتوں سے بنتی ہے،قانون سب کے لئے برابر ہو اور جو بھی فیصلہ آئے اس کا احترام کیاجائے۔اداروں کو آزاد اور طاقتور بنانے کی ضرورت ہے،ہم نے عوام کو 2 ماہ میں سہولیات دینی ہیں،
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا مسلہ کابینہ اجلاس میںزیر بحث آیا،اس ضمن میں وزارت پانی و بجلی سے حقائق پوچھے ہیں،حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے یہ اب ہماری ذمے داری ہے،معیشت کے حقائق پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کے سامنے رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ نگراں کابینہ میں شامل تمام لوگوں کو وطن سے محبت اور قوم سے پیار ہے،امن وامان کاقیام صوبوں کی ذمے داری ہے ان سے مشاورت جاری رہے گی،ہم ایسی گائیڈ لائینز دینا چاہتے ہیں جن سے آنے والی حکومت فائدہ اٹھائے۔